پاکستانی مایاناز اداکار جاوید شیخ کی بیٹی اور اداکارہ مومل شیخ کے شوہر نادر نواز نے اہلیہ کی بالی ووڈ میں انٹری کا سہرا اپنے بچے کے سر سجا دیا۔
حال ہی میں مومل شیخ نے اپنے شوہر نادر نواز کے ساتھ نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور اپنے کیرئیر اور نجی زندگی کے حوالے سے دلچسپ گفتگو بھی کی۔
دوران پروگرام مومل شیخ نے بتایا کہ شادی سے قبل ان کے گھر والوں بالخصوص والد، جاوید شیخ نے انہیں کیمرے کے سامنے کام کرنے کی اجازت نہیں دی، اس لیے انہوں نے پردے کے پیچھے رہ کر پروڈکشن میں کام کرنا شروع کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ جب نادر نواز سے شادی ہوئی تو انہوں نے اداکاری کی اجازت دی اور اس طرح میں نے کام کرنا شروع کیا۔
دوران گفتگو نادر نواز نے مومل شیخ کو بالی ووڈ فلم کے لیے آفر ملنے پر بھی بات کی اور یہ بھی بتایا کہ اداکارہ بچے کی پیدائش کے فوری بعد کیسے کام کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مومل شیخ نے بتایا کہ جب بڑا بیٹا صرف ایک ماہ کا تھا، اس وقت بالی ووڈ سے فلم کی آفر ہوئی تو میں پریشان تھی کہ بچے کو کیسے چھوڑ کر جاؤں گی اور اس وقت میرا سی سیکشن بھی ہوا تھا تو وزن بھی بڑھا ہوا تھا۔
مومل شیخ نے بتایا کہ جب میں نے یہ بات نادر کے ساتھ شیئر کی تو انہوں نے مجھے فوراً ہی جانے کی اجازت یہ کہتے ہوئے دے دی کہ بچہ اپنی قسمت لے کر آیا ہے۔
دوران گفتگو نادر نے بتایا کہ اُس فلم کے ہدایت کار چاہتے تھے مومل ہی وہ کردار ادا کرئے اس لیے انہوں نے مومل سے خود رابطہ کیا ورنہ جاوید شیخ اس پر راضی نہیں تھے۔
نادر نواز نے یہ بھی بتایا کہ مومل 2 سال سے اسکرین سے غائب تھی اور پھر بھی اسے بچے کی پیدائش کے فوراً بعد کام کی پیشکش ہوئی تو یہ تو اس بچے کی قسمت ہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہر بچہ اپنی قسمت لے کر آتا ہے اور مومل کو اس بچے کی خوش قسمتی کی وجہ سے ہی وہ فلم ملی تھی۔
واضح رہے کہ مومل شیخ نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہیپی بھاگ جائے گی‘ میں زویا کا کردار نبھایا تھا۔ ان کے ساتھ اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں ابھے دیول، ڈیانا پریتی اور علی فضل بھی شامل تھے۔