پاکستانی میوزک انڈسٹری کے بےتاج بادشاہ گلوکار و اداکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ جو اللہ کے رابطے میں ہے وہ کبھی مایوس نہیں ہوسکتا، سب سے بڑی دولت آپ کی شکر گزاری ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پیجز پر عاطف اسلم کے ایک انٹرویو سے مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہیں ان لوگوں کو مشورہ دیتے ہوئے دیکھا و سنا جاسکتا جو زندگی میں مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔
یوں تو عاطف اسلم کے رومانوی گانے بےتحاشہ پسند کئے جاتے ہیں لیکن خود گلوکار کی شخصیت میں عاجزی و انکساری نمایاں ہے۔
اب حال ہی میں ان کے انٹرویو سے ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں ان سے اپنے ایسے دوست کو، جو زندگی میں مشکل حالات سے جدو جہد کر رہا ہو، مشورہ دینے کے حوالے سوال کیا گیا۔
میزبان کے سوال کا جوب دیتے ہوئے عاطف اسلم نے جواب دیا کہ جو اللہ کے رابطے میں ہے وہ کبھی مایوس نہیں ہوسکتا، مومن کی پہلی نشانی ہی یہ ہے۔ رابطے میں کمی بیشی یا طریقہ غلط ہوسکتا ہے، ممکن ہے صحیح جگہ پہنچ نہیں پارہے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ ایک دفعہ صحیح جگہ پہنچ جائیں گے اور اُس نے ہاتھ پکڑ لیا تو پھر سارے معاملات درست ہوجائیں گے۔
انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑی دولت آپ کی شکر گزاری ہے، انسان دنیا اور بچوں کے لیے مال و دولت کمالیتا ہے لیکن سب سے بڑی دولت شکرگزاری ہے جو اسے بہت پسند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُسے اپنی واحدانیت بہت پسند ہے جب آپ اس بارے میں بات کریں، اس کے محبوب کی بات کریں تو اُسے یہ بہت پسند ہے۔ اس نے خود اپنے محبوب پر دورد بھیجا ہے اس لیے دعا مانگتے وقت آپ پہلے اللہ کے محبوب کا ذکر کریں پھر اس کا اور پھر دعا مانگیں تو لازمی قبول ہوگی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مذکورہ ویڈیو کلپ کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفن نے نہ صرف گلوکار کی تعریف کی بلکہ انہیں خوب سراہا بھی ہے۔