نانا پاٹیکر سے تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان سامنے آگیا

[ad_1]

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر سے فلم کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان سامنے آگیا۔

 گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مداح نے فلم سیٹ پر آ کر نانا پاٹیکر کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی اور اس دوران جیسے ہی مداح اداکار کے پیچھے سے آ کر سیلفی لینے لگا تو اداکار نے اس کے سر پر تھپڑ مار دیا اور اس کے بعد فلم کے سیٹ پر موجود عملے نے اس نوجوان کو گردن سے پکڑ  کر وہاں سے واپس روانہ کر دیا۔

نانا پاٹیکر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی وجہ سے تنقید کی زد میں آنے کے بعد ہاتھ جوڑ کر اپنے مداحوں سے معافی مانگی تھی۔

انہوں نے مداح کو تھپڑ رسید کرنے کے معاملے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دراصل ایک فلم کا ایک سین تھا جس کی ہم ریہرسل کر رہے تھے اور اس سین میں مجھے ایک نوجوان کو تھپڑ مارنا تھا تو اچانک مذکورہ مداح سیلفی کے لیے اسی طرح پیچھے سے آ گیا، جس کا مجھے اندازہ نہیں ہوا اور میں نے سین کے مطابق اسے تھپڑ مار دیا اور وہ بھاگ بھی گیا اور مجھے بعد میں کسی نے بتایا کہ یہ وہ لڑکا نہیں تھا بلکہ میرا ایک مداح تھا جسے میں نے تھپڑ مار دیا۔

نانا پاٹیکر کے معافی مانگنے اور وائرل ویڈیو سے متعلق وضاحت کے بعد اب تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

مداح نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہاں کوئی شوٹنگ ہو رہی ہے میں تو بس معمول کے مطابق گھر سے نکلا تھا تو میں نے دیکھا کہ قریب میں فلم کی شوٹنگ چل رہی ہے اور وہاں نانا پاٹیکر آئے ہیں تو میں ایک سیلفی کے لیے اُن کے پاس گیا لیکن اُنہوں نے میرے ساتھ سیلفی لینے کے بجائے مجھے تھپڑ مار کر وہاں سے بھگا دیا۔

لڑکے نے نانا پاٹیکر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کا مجھے تھپڑ مارنا اُن کی فلم کا حصّہ نہیں تھا، نہ ہی فلم میں مجھے کوئی کردار ملا تھا اور مجھے مار کر فلم کے سیٹ سے دور بھیجا گیا تو نانا پاٹیکر نے مجھے واپس بھی نہیں بُلایا تھا۔



[ad_2]

Source link